i پاکستان

حکومتی وزیروں کی پھولی سانسیں صاف بتا رہی ہیں سول نافرمانی کی تحریک آغاز سے ہی کامیاب ہے،ترجمان پی ٹی آئیتازترین

December 09, 2024

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ غاصب حکومت کے وزیروں کی پھولی سانسیں صاف بتا رہی ہیں کہ سول نافرمانی کی تحریک آغاز سے ہی کامیاب ہے، نو ٹیکسیشن ودآٹ ریپریزنٹیشن کا اصول جمہوریت کی عالمی مسلمات میں سے ایک ہے، سول نافرمانی کی تحریک کھلم کھلا آئین، قانون، جمہوریت اور شہریوں کے بنیادی حقوق پامال کرنے والی مینڈیٹ چور سرکار سے قوم کی کھلی بیزاری کا سیاسی اظہار ہے۔ جاری بیان کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام اس سرکار کو ادائیگیاں کیوں کریں جنہیں انہوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے مسترد کیا مگر ان کی مرضی پامال کرکے انہیں عوام پر مسلط کیا گیا، پوری دنیا جانتی ہے کہ مرکز میں چیری بلاسم جبکہ پنجاب میں پانامہ کوئین کو مسندِ اقتدار پر بیٹھنے کا کوئی حق حاصل نہیں، پوری دنیا گواہ ہے کہ 8 فروری کے انتخابات کو بندوقوں کے سائے میں لوٹ کر انتخاب ہارے ہوئے کرداروں کو مقتدرہ کی ذلت آمیز چاکری کے عوض حکومت میں بٹھایا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا چور دروازے سے گھس کر حکومت پر قابض ہوجانے والے اپنے ناجائز اقتدار کے دوام کیلئے نہتے پاکستانیوں کے قتلِ عام کا سہارا لے رہے ہیں، انگریزوں کیطرح ٹاٹوں کا حکومت پر قابض لشکر بھی 24 کروڑ پاکستانیوں کو اندھی طاقت کے بل پر ہمیشہ کیلئے غلام بنانے کے خواب دیکھ رہا ہے، ریاست شہریوں کے ساتھ آئین کی شکل میں کئے گئے میثاق اور اس میں درج شدہ بنیادی حقوق کی فراہمی کی پابند ہے۔ترجمان نے کہا مزید کہ بنیادی حقوق سے محروم کرکے اور ان کے حصول کے تمام پرامن سیاسی ذرائع ننگی بدمعاشی سے ختم کرکے غاصبوں نے عوام کو غلام اور محکوم رعایا میں بدلنے کی کوشش کی ہے، گیدڑ بھبھکیوں سے عوام کو غلام بنانے کے خواب دیکھنے والے اپنی سوچ پر نظرِثانی کریں اور حالات کو سول نافرمانی تک لے جانے سے گریز کریں، عوام اپنے بنیادی آئینی و سیاسی حقوق غصب کرنے والوں سے مزید کسی نرمی اور رعایت پر اب آمادہ نہیں، عوام کو ان کا میںنڈیٹ اور حقوق دیں بصورت دیگر مینڈیٹ چور سول نافرمانی کا سامنا کریں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی