حکومتی اقدامات کے باوجود پنجاب کا دارالحکومت لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ایک بار پھر پہلے نمبرپر موجود رہا جب کہ شہر میں اسموگ کی ابتر صورتحال کے باعث شہریوں میں مختلف امراض پھیلنے لگے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال جمعرات کو بھی ابتر رہی ، صبح کے وقت ایئرکوالٹی انڈیکس(اے کیو آئی) 824ریکارڈ کی گئی جس میں بعد میں معمولی کمی آئی ، اس کمی کے باوجود صوبائی دارالحکومت دنیا میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔بھارت کا شہر نئی دہلی 439 ایئرکوالٹی انڈیکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، 175 اے کیو آئی کے ساتھ ویتنام کا شہر ہانوئی کا تیسرا اور بوسنیا کا شہر سراجیوو کا 170اے کیو آئی کیساتھ چوتھا نمبر ہے۔ اس کے علاوہ اسموگ کی وجہ سے لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں 31 جنوری تک شہریوں کو ماسک پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھر بارہویں جماعت تک تعلیمی ادارے 17نومبر تک بند رہیں گے جب کہ شیخوپورہ،گجرات، جھنگ، قصور، سیالکوٹ، نارووال اور ملتان سمیت چاروں ڈویژنز کے 18 اضلاع میں کلاسز آن لائن ہوں گی۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق نجی و سرکاری اداروں میں 50 فیصد ورک فرام ہوم ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی