حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے مطالبات مسترد کردیئے جائیں گے کیونکہ پی ٹی آئی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نا ممکن ہے۔ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن سے مذاکرات کے معاملے پر حکومت آئندہ ہفتے پی ٹی آئی کو تحریری جواب دے گی۔حکومتی ذرائع نے کہا کہ یہ مطالبات مسترد کردیئے جائیں گے ،پی ٹی آئی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد نا ممکن ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اتحادیوں کو اعتماد میں لیں گے،وزیر اعظم دو دن تک مشاورت کمیٹی قائم کر لیں گے، جس کے بعد کمیٹی پی ٹی آئی مطالبات کا جائزہ لے گی یہ کمیٹی وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مطالبات حکومت کے خلاف محظ الزامات ہیں ،عدالتوں میں زیرسماعت کیسز پر کمیشن کے قیام کا مطالبہ سمجھ سے بالاتر ہے۔یاد رہے گذشتہ روز پی ٹی آئی حکومت کو اپنے تحریری مطالبات پیش کئے تھے ، جس میں مذاکرات کو کمیشن بنانے سے مشروط کردیا تھا۔پاکستان تحریک انصاف نے مطالبہ کیا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان یا سپریم کورٹ کے تین ججوں پر مشتمل دو انکوائری کمیشن تشکیل دیے جائیں، پہلا کمیشن بانی کی گرفتاری کی قانونی حیثیت، نومئی واقعات کی تحقیقات اور سی سی ٹی وی کا جائزہ لے جبکہ دوسرا کمیشن چوبیس سے ستائیس نومبر تک کے واقعات کی تحقیقات کرے اور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے۔تحریک انصاف نے خبردار کیا تھا کہ کمیشن تشکیل نہ دیئے گئے تو مذاکرات جاری نہیں رہیں گے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی