i پاکستان

فیض حمید پر 5، 7 دن میں فرد جرم عائد ہونے والی ہے، فیصل واوڈا کا دعویتازترین

December 07, 2024

سینیٹر فیصل واوڈا نے دعوی کیا ہے کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید پر 5، 7 دن میں فرد جرم عائد ہونے والی ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے 14 دسمبر کی سول نافرمانی کی تاریخ دی گئی جس کی وجہ فیض حمید کی خبر ہے، وہ سمجھتے ہیں 14 دسمبر یا اس کے بعد فیض حمید کی خبر آنے والی ہے، میں آپ کو بتا رہا ہوں 14 دسمبر سے پہلے ہی فیض حمید کی خبر آئے گی۔سینیٹر فیصل واوڈانے کہا کہ سول نافرمانی کی پہلے بھی کال دی گئی تھی پھر خود ہی بنی گالہ کے بل دئیے گئے تھے، اب 14 دسمبر کی سول نافرمانی کی تاریخ دی جبکہ فیض حمید سے متعلق خبر آ رہی ہے، طاقتور شخصیت کے ساتھ کٹہرے میں انصاف ہوگا تو اس سے مثبت پیغام جائے گا، فیض حمید شواہد کے بعد عمران خان کے خلاف بتائیں گے تو پھر سزا بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل ہوتا ہے تو اس پر سرپرائز نہیں ہوں گا، میری سوچ ہے فیض حمید کو کورٹ مارشل کے ساتھ ساتھ سزا بھی ہوگی، فیض حمید طاقتور شخصیت تھے ان کا احتساب ہوگا تو بڑے سیدھے ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا عمران خان کا ٹوئٹر اکائونٹ وہ خود نہیں چلا رہے بلکہ کوئی اور چلا رہا ہے۔ قاسم سوری نے عمران خان کو پاگل قرار دے دیا جبکہ حماد اظہر ان کو پھنسا رہا ہے۔ یہ لوگ بانی پی ٹی آئی کو پہلے پاگل قرار دیں گے پھر زہر کی باتیں کریں گے۔ ایوان سے پھانسی کے پھندے پر چڑھانا اور جیل سے اقتدار میں پہنچانا یہاں ہو چکا ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ بشری بی بی نے کس حیثیت سے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا ہے؟ عمران خان کے دورِ حکومت میں بھی ان کی اہلیہ جو چیک دیتی تھیں اس میں سے ایک گینگ کو حصہ جاتا تھا، بانی پی ٹی آئی کو کیا مرنے دے دوں ایسا نہیں ہو سکتا، انہوں نے خود کبھی کرپشن نہیں کی بلکہ ان کے نام پر کی جاتی رہی ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی