i پاکستان

فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ ہونے کے بعد لگ رہا ہے عمران خان کو ملٹری ٹرائل کی طرف لے جایا جا رہا ہے،مصطفی نواز کھو کھرتازترین

December 11, 2024

سابق سینیٹر مصطفی نواز کھو کھر نے کہا ہے کہ فیض حمید کے خلاف چارج شیٹ کے بعد لگ رہا ہے کہ عمران خان کو ملٹری ٹرائل کی طرف لے جایا جا رہا ہے۔حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے اور پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔وہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں نفرت کا بیچ بویا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت مثبت انداز میں تحریک انصاف کے مذاکرات کا جواب دے۔اسٹیبلشمنٹ کو ایک قدم پیچھے جا کر مذاکرات اور تحریک انصاف سے بات کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلی مرتبہ مذاکرات کی حامی بھری ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف نے جو سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے اس میں اس نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پارلیمنٹ کی اب کسی قسم کی کوئی توقیر نہیں رہی ہے اس کی عزت اور احترام ختم ہو گیاہے۔پارلیمنٹ کے اندر نقاب پوش آ کر ممبران اسمبلی اور سینیٹر کو اٹھا کر لے جاتے ہیں کیا یہ پارلیمنٹ ہے؟۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں رہی ہے۔یہاں پر پاور پالیٹکس کا راج ہے۔انہوں نے کہا کہ سب کو مذاکرات کی حمایت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا۔کروڑوں پاکستانی ملک سے باہر ہیں۔اگر عمران خان کی کال پر انہوں نے لبیک کہا تو پھر بہت سارے مسائل پیدا ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس پی آر کی پریس ریز میں پہلی مرتبہ نو مئی کا ذکر کیا گیا ہے۔اور یہ لگ رہا ہے کہ عمران خان کا اب ملٹری ٹرائل شروع ہوگا۔اس سے سیاست میں ایک نئی گھمبیر صورتحال پیدا ہو جائے گی۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی