مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ امریکا کی نئی قیادت کی پاکستان کے امور میں مداخلت کے بارے افواہیں بے بنیاد ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے چین کے سرمایہ کاروں کے وفد نے سکارلٹ ژیانگ کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات میں مسلم لیگ ق کے صدر کا کہنا تھا کہ امریکا کی اپنی پالیسیاں ہیں، وہ ہمارے معاملات میں مداخلت نہیں کرے گا۔ چین بھی اس حوالے سے واضح موقف رکھتا ہے۔ چین اور پاکستان کے مابین گہرے دوستانہ مراسم اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ملاقات میں صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امریکا میں ہونے والے انتخابات، نتائج، چین کی پالیسی اور دیگر امور پر بھی بات چیت ہوئی۔چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ مراسم اور تجارتی تعلقات ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھایا جائے گا۔چین کی جانب سے پاکستان اور پنجاب میں نئے پروگرام شروع کرنے پر مشکور ہیں۔ 3 لاکھ افراد کو تربیت کی فراہمی اور گجرات میں میڈیکل سٹی کے مجوزہ منصوبے پر بھی چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایگریکلچر سیکٹر کے فروغ کیلئے چین کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں جانب کے پرائیویٹ سیکٹر میں بھی اشتراک بڑھانے کی ضرورت ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی