i پاکستان

چینی وفد (آج) جی بی تاجروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گاتازترین

May 17, 2023

چینی تاجروں، چیمبر کے اراکین اور فوڈ پروسیسرز کا وفد (آج) جمعرات کو چین کو پھلوں کی برآمد کے لیے جی بی تاجروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق چینی تاجروں، چیمبر کے اراکین اور فوڈ پروسیسرز کا ایک وفد گلگت بلتستان (جی بی) سے چیری کی درآمد کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے گلگت پہنچ گیا۔ جی بی کے محکمہ زراعت کے ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید اختر نے گوادر پرو کو بتایا کہ وفد کے ارکان نے ان کے محکمے اور پاکستان کسٹمز اینڈ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے حکام سے ملاقاتیں کیں تاکہ چین کو جی بی سے چیری فروٹ برآمد کرنے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ بدھ کو وفد نے جی بی حکومت کے قائم کردہ دو چیری پروسیسنگ یونٹس کے ساتھ ساتھ چیری کے باغات کا دورہ کیا۔ وفد نے پاکستان کی طرف سے زرعی اشیا کی برآمد کے لیے کیے گئے فائٹو سینیٹری اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ جاوید نے کہا کہ وفد جمعرات کو چین کو پھلوں کی برآمد کے لیے چیری کی تجارت میں شامل جی بی تاجروں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔ گوادر پرو کے مطابق جاوید نے مزید کہا کہ چیری سے جی بی کے کسانوں نے گھریلو فروخت سے تقریباً ایک ارب روپے کمائے۔ اگر پھل چین کو برآمد کیا جائے تو اس سے خطے کی معیشت کو بڑا فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ چیری کی شیلف لائف بہت محدود ہوتی ہے، اس لیے دونوں فریق ایک طریقہ کار وضع کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ کم سے کم دنوں میں چین کو پھلوں کی برآمد کو ممکن بنایا جا سکے۔ گوادر پرو کے مطابق چین نے نومبر 2022 میں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران پاکستان سے تازہ چیر ی کی مارکیٹ تک رسائی کی اجازت دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی