چینی نائب وزیراعظم ہی لیفنگ کا وزیراعظم ہاوس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، چینی نائب وزیراعظم نے وفاقی وزرا سے مصافحہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن ہی لیفینگ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے کے بعد شہباز شریف سے ملاقات کرنے کے لیے وزیراعظم ہاوس پہنچے جہاں ان کا تو وزیر اعظم شہبازشریف نے وزیراعظم ہاوس کے مرکزی داخلی دروازے پر معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چین کے نائب وزیراعظم کو خوش آمدید کہا، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی معزز مہمان کے استقبال کے لئے موجود تھے۔وزیراعظم ہاوس پہنچنے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔بعد ازاں چینی وفد اور پاکستانی حکام کے درمیان وفود کی سطح کی ملاقاتیں ہوئیں۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب میں شرکت اور اس گیم چینجنگ انیشی ایٹو سے ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے کیلئے پاکستان پہنچے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی