نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ ) میں چائنا اسٹڈی سینٹر ( سی ایس سی ) نے معروف چینی یونیورسٹیوں کی جانب سے پیش کردہ اسکالرشپس حاصل کرنے کے لیے پاکستانی امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ سی ایس سی کے ایک ڈپٹی ڈائریکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گوادر پرو سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ چین کی اعلیٰ یونیورسٹیاں مختلف شعبوں میں پاکستانی طلباء کے لیے انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ کے وظائف کی پیشکش کر رہی ہیں۔ اہلکار نے مزید کہا کہ مرکز نسٹ کے ساتھ ساتھ دیگر پاکستانی یونیورسٹیوں کے امیدواروں کی اسکالرشپ کے لیے درخواستوں پر کارروائی میں مدد کرے گا تاکہ اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے ان کے امکانات کو زیادہ سے زیادہ بنایا جا سکے۔گوادر پرو کے مطابق انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ کے لیے نسٹ میں درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 5 جون ہے۔ نسٹ کی طرف سے پوسٹ کردہ ایک اپ ڈیٹ کے مطابق انڈر گریجویٹ طلباء قانون، تاریخ، چینی زبان، فنانشل انجینئرنگ، بزنس ایڈمنسٹریشن، اکاؤنٹنگ، مکینیکل ڈیزائن، مینوفیکچرنگ اور آٹومیشن، کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی، ایم بی ایس ، اور حیاتیات میں اسکالرشپ حاصل کر سکتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپس قانون، پورٹ اینڈ شپنگ ٹیکنالوجی، مینجمنٹ انجینئرنگ، ایکوا کلچر، چائنیز ہسٹری، ایم بی اے، اور فوڈ سائنس اینڈ انجینئرنگ سمیت مضامین میں پیش کیے گئے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق پوسٹ ڈاکٹر یٹ اسکالرشپس میں انسانی تحریک سائنس، میکانکس، ایکوا کلچر، فشری کی سہولت اور آلات، آف شور انجینئرنگ اور ڈائنامکس، آبی وسائل کی بایو پراسپیکٹنگ، کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سسٹم، فزیکل الیکٹرانکس، مائیکرو نینو الیکٹرانکس اور آئی سی کے ساتھ ساتھ میڈیسن کے شعبے شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی