کراچی کے علاوہ ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ایک بار پھر بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں 63 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی۔نیپرا بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق 31 دسمبر کو سماعت کرے گا۔سی پی پی اے کی درخواست کے مطابق گزشتہ ماہ 7 ارب 71 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی جس کی پیداواری لاگت 55 ارب 76 کروڑ روپے رہی۔ایل این جی سے 23 روپے 20 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی جبکہ ایران سے 27 روپے 15 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔کوئلہ سے بجلی کی پیداواری لاگت 14 روپے 92 پیسے رہی اور نیوکلیئر ذرائع سے ایک روپے 73 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی۔ گزشتہ ماہ بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 7 روپے 28 پیسے فی یونٹ رہی۔ سی پی پی اے کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کراچی کے کیالیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق نیپرا کی منظوری کے بعد من وعن کمی کا بجلی صارفین کو 4 ارب88کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ مسلسل پانچویں بار ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں مسلسل 4 بار بجلی کی قیمت میں کمی کرچکا ہے، نیپرا نے اکتوبر کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے14پیسے فی یونٹ سستی کی تھی، اکتوبر کی ایڈجسٹمنٹ کا ریلیف صارفین کو رواں ماہ کے بلوں میں دیا جارہا ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی