i پاکستان

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، وزیراعظم شہبازشریفتازترین

December 18, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ، وقار اور شمولیت کو یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ جاری بیان کے مطابق مہاجرین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان تارکین وطن کا خیرمقدم کرنے والا میزبان رہا ہے اور دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی فخر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، کاروبار ہو یا سیاحت، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے پاکستان کے سفرا کے طور پر اپنی شناخت بنائی اور دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے، تارکین وطن نہ صرف اپنے میزبان ممالک کے لیے ترقی و خوشحالی لاتے ہیں بلکہ اپنے آبائی ممالک کے لیے لائف لائن بھی بنے رہتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر پاکستان کے معاشی استحکام میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں، صرف مالی سال 2024-25 کے پہلے دو ماہ میں ہی 5.94 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو وطن کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مسلسل لگن اور محبت کی عکاسی کرتی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو بااختیار بنانے، انہیں ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، ہم نے بروقت انصاف اور سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی عدالت (اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی ایکٹ 2024 )منظور کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ہم نے محسن پاک ایوارڈز متعارف کرائے ہیں، جو کہ پاکستان اور ان کی میزبان کمیونٹیز دونوں کے لیے ہمارے تارکین وطن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک باوقار قومی اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ جیسا کہ ہم تارکین وطن کی طاقت، لچک اور کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں، ہمیں ان چیلنجوں کو بھی تسلیم کرنا چاہیے جن کا سامنا انہیں درپیش ہے جن میں وطن سے دوری، استحصال اور امتیازی سلوک شامل ہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ، وقار اور شمولیت کو یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود ہوں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مہاجرین کے اس عالمی دن پر، ہم تارکین وطن کے جائز حقوق کی وکالت، استحصال کے خاتمے اور ایک ایسا ماحول بنانے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں جہاں ہجرت ایک روشن مستقبل کے حصول کے لیے مواقع اور ترقی کی علامت بن جائے۔واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہاجرین کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن تارکین وطن کی بے مثال شراکت کی صحیح معنوں میں پہچان، ان کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے ساتھ ساتھ انکی فلاح و بہبود کے حوالے سے ہمارے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی