i پاکستان

بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا وہ بامعنی مذاکرات چاہتے ہیں، علی محمد خانتازترین

November 18, 2024

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا وہ چاہتے ہیں بامعنی مذاکرات ہوں،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مذکرات سے متعلق پوچھا انھوں نے انکار نہیں کیا، بانی نے کہا کسی کو بات کرنی ہے تو مجھ سے براہ راست بات کریں۔ایک انٹرویو میں علی محمد خان نے کہا کہ جس سے بھی بات ہو بامعنی ہونی چاہیے اور اس کا نتیجہ نکلنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی باہر آکر ایک بیان دیں گے تو معاملات بہتر ہونا شروع ہوجائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ 24نومبر کو پی ٹی آئی جلسہ نہیں بلکہ پرامن دھرنا دے گی، 24نومبر کو جلسہ نہیں ہوگا، وہاں پرامن طور پر بیٹھے رہیں گے، اسلام آباد میں پہنچ کر کتنے دنوں تک بیٹھیں گے یہ وہیں پتا چلے گا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت عوام کی سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے، ایسا نہیں ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پارٹی قیادت پر اعتماد نہیں۔انھوں نے کہا کہ علیمہ خان اپنے بھائی اور بشری بی بی اپنے شوہر کیلیے جدوجہد کررہی ہیں، علیمہ خان، بشری بی بی کے کوئی سیاسی عزائم نہیں صرف بانی کی رہائی کیلئے جدوجہد کررہی ہیں، دونوں اگر سیاست کرنا چاہیں تو پارٹی میں کارکن کی حیثیت سے کرسکتی ہیں۔علی محمد خان نے کہا کہ مسئلہ تب ہوتا ہے جب کسی کو رشتے کی بنیاد پر بڑا عہدہ ملے، یہ جب ہوگا تب دیکھا جائیگا، خواجہ آصف ریحانہ ڈار سے صحیح معنوں میں جیت کرآئیں گے تب ان کو اہمیت دیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی