سندھ کے سینئر وزیرشرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پاس نوجوانوں کو دینے کے لیے صرف انتشار ہے، عدالتوں سے لڑنا یا بھاگنا نہیں چاہیے، ہمیشہ حق و سچ کیلئے لڑنا چاہیے، آپ عدالتوں کو جھکا نہیں سکتے، ہم نے ہمیشہ عدالتوں پر اعتماد کیا ہے۔جمعہ کے روز احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مائنڈ سیٹ ہے عدالتیں انکے کہنے پر چلیں، ججز کسی کے کہنے پر نہیں چلتے اور عدالتوں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، بانی پی ٹی آئی کا مائنڈ سیٹ آمرانہ ہے، اور مغرب کے بعد خیبر پختونخوا میں پولیس نظر نہیں آتی۔شرجیل میمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی سوچ صرف جلادو، آگ لگا دو، مار دو ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پشاور میں گورنر کے پی نے اے پی سی بلائی، اے پی سی میں تمام 16جماعتیں تھیں سوائے پی ٹی آئی کے، آپ نے شرکت نہ کر کے کیا پیغام دیا، آپ نے پیغام دیاکہ جھوٹا پروپیگنڈا، ملک میں انتشار پھیلایا جائے، آپکے حالات یہ ہیں کہ آپکے نمائندے اپنے حلقہ میں نہیں جاسکتے، آپ کہتے ہیں میرے پاس ہتھیار ہیں حکومت سے لڑوں گا۔انکا کہنا تھا کہ اتنی ہمت ہے تو دہشتگردوں کے خلاف لڑیں، اسی سوچ کی وجہ سے اپنے لیڈر کو جیل میں ڈال کربیٹھے ہیں، سب سے بڑا المیہ یہ تھا کہ اس شخص کو2018میں حکومت دی گئی۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ملک کا ستیاناس کرنے والے کو ملک کا وزیراعظم بنایا گیا، اس شخص کی سوچ ہے بجلی کے بل نہ بھرو، ملک کی ہرچیز کوآگ لگادو، اگر یہ سوچ رکھیں گے کہ تو ملک میں ترقی کبھی نہیں ہوگی، آپکے پاس صرف انتشار ہے، نوجوانوں کو دینے کیلئے بھی صرف انتشار ہے۔ قبل ازیں کراچی کی احتساب عدالت نے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس کو چیئرمین نیب کو واپس بھیج دیا۔ احتساب عدالت کے دائرہ اختیار سے متعلق درخواست پر عدالت نے فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے واضح کیا کہ یہ معاملہ ان کی حدود میں نہیں آتا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی