استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز باجوڑ میں جے یو آئی (ف)کے کنونشن پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوڑ دھماکہ ملک کے امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش ہے، دھماکے میں شہید ہونے والوں کے بلند مرتبے کے لئے دعا گو ہیں ، دشمن بزدلانہ کارروائیوں سے ملکی امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے ایک بیان میں کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی جے یو آئی(ف)کے کنونشن پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے ، باجوڑ دھماکہ ملک کے امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش ہے، دھماکے میں شہید ہونے والوں کے بلند مرتبے کے لئے دعا گو ہیں، دعا ہے کہ اللہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشت گردی کی سرکوبی کے لئے وردی ہمیشہ کی طرح اب بھی برسرپیکار ہے، ملک میں آنے والی خوشحالی اور ہریالی کی وجہ سے دشمن بے چین و مضطرب ہے، دشمن بزدلانہ کارروائیوں سے ملکی امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ باجوڑ خودکش حملے کے پیچھے وہی ملک دشمن عناصر ہیں جو ملکی میں مثبت ڈویلپمنٹ کے وقت اپنا مکروہ حقیقی چہرہ دکھاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی پی امید کرتی ہے کہ ریاستی مشینری ان عناصر کے خلاف حرکت میں آے گی، ملک دشمن عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت ایکشن لے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی