اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ پوری قوم نے فوجی تنصیبات، شہدا کی یاد گاروں اور قومی عمارات پر حملوں کی مخالفت اور مذمت کی ہے۔ نیز تمام سیاسی جماعتوں اور مذہبی تنظیموں نے اس طرح کے اقدامات کو نا مناسب قرار دیا ہے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے 9مئی کو پیش آنے والے واقعات پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس دن جو کچھ ہوا وہ پاکستان کی تاریخ کا سیا ہ باب ہے۔ فوجی تنصیبات ، شہدا کی یادگاروں اور قومی عمارات پر حملوں کو پوری دنیا میں دکھایا گیا اور بد قسمتی سے بھارتی میڈیا میں ان واقعات پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ قابل اطمینان امر یہ ہے کہ ان واقعات کی دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مذمت کی ہے اور قوم میں اس حوالے سے ایک اتفاق رائے پیدا ہوا ہے کہ ایسے واقعات قابل مذمت ہیں۔ مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ مسلح افواج قوم کا فخر اور فوجی تنصیبات ملکی دفاع کی ضامن ہیں۔ مادر وطن کی خاطر جان کی قربانی دینے والے شہدا کی یادگاروں کی عزت وتوقیر ملی فر یضہ ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے فوجی تنصیبات ، قومی عمارات اور عوامی املاک پر حملوں میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں متفقہ میثاق سیاست کی تجویز پیش کی تھی، اسلامی نظریاتی کونسل اب بھی یہ سمجھتی ہے کہ ملی میثاق سیاست آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ملک کی معاشی صورت حال میں استحکام پیدا ہو اور پاکستان دنیا بھر میں ایک قابل احترام ملک کے طور پر ابھرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی