اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش کے نتیجے میں دیوار گرنے کے واقعات میں بچی سمیت 12 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ،نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش ہوئی ، تھانہ نون کے علاقے پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرگئی جس کے نیچے دب کر 11افراد جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس حکام کاکہنا ہے کہ ملبے سے چار زخمیوں کو بھی نکالا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کاکہنا ہے فوری طور پر ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیاہے جبکہ امدادی ٹیموں نے لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کر دیں، ریسکیو کی جانب سے مزید آپریشن جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق ایک اور واقعہ تھانہ کھنہ کے علاقے محمد ٹان میں پیش آیا جہاں دیوار گرنے سے 11 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی