ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ ترنول میں درج مقدمے میں اسد عمر کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔ رہنما تحریک انصاف اسد عمر اپنے وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے استدعا کی کہ بابر اعوان بیرون ملک ہیں،آئندہ کی کوئی تاریخ دے دیں، ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سِپرا نے سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی۔ دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں رہنما تحریک انصاف اسد عمر کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جج راجہ جواد عباس درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنائیں گے۔ سماعت کے دوران اسد عمر کے وکیل کا کہنا تھا کہ وقوعہ والے دن اسد عمر تو جوڈیشل کمپلیکس آئے ہی نہیں، سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگے ہیں،اسد عمر کہیں نظر نہیں آتے۔ پی ڈی ایم سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کرے تو ان پر کوئی مقدمہ نہیں ہوتا، پراسیکیوشن نے دہشت گردوں کا معیار ہی کم کردیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی