این ٹی ڈی سی کے مطابق ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے ساتھ ریجن میں ٹرانسمیشن لائن میٹریل کی بڑھتی ہوئی چوری سے نمٹنے کیلئے نجی سکیورٹی ایجنسی سے 100 مقامی سکیورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی ہیں، یہ سکیورٹی گارڈز ٹرانسمیشن لائنز کی حفاظت کے ذمہ دار ہوں گے۔ سگما سکیورٹی سروسز کے نئے بھرتی کیے گئے سکیورٹی گارڈز کی حلف برداری کی تقریب حیدرآباد کلب میں منعقد ہوئی، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سکیورٹی گارڈز سے حلف لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے سندھ میں ٹرانسمیشن لائنز کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے این ٹی ڈی سی کے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سکیورٹی گارڈز ان مذموم سرگرمیوں میں ملوث مجرموں کی شناخت کیلئے مقامی انٹیلی جنس نیٹ ورک قائم کرنے میں مدد کریں گے، یہ ایک آزمائشی منصوبہ ہے اور اسکی کامیابی مستقبل میں ایسے مزید منصوبوں کے آغاز کا باعث بنے گی جس کے نتیجے میں مزید افرادی قوت کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے سکیورٹی گارڈز پر زور دیا کہ وہ ادارے کے ساتھ وفادار رہیں اور این ٹی ڈی سی کے اہداف کے حصول کے لیے بے لوث کام کریں۔ چیف سیکورٹی افسر این ٹی ڈی سی اور جنرل منیجر (ایسیٹ مینجمنٹ )ساوتھ نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ٹرانسمیشن لائنز کے تحفظ کیلئے ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ سکیورٹی گارڈز کی بھرتی چوری کی وارداتوں کوکم کرنے اور این ٹی ڈی سی کے آپریشنز کو محفوظ بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ این ٹی ڈی سی حکام اس پائلٹ پراجیکٹ سے مثبت نتائج کی توقع رکھتے ہیں اور ادارے کی بہتری کیلئے ایسے مزید اقدامات کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی