صوبہ پنجاب میں احمدپور شرقیہ اور سرگودھا میں ٹریفک کے دو حادثات میں ایک چار سالہ کمسن بچے سمیت تین افراد جاںبحق اور بچے کے والدین سمیت 16افراد زخمی ہوگئے۔تفصیل کے مطابق احمدپور شرقیہ میں ڈالے کی موٹرسائیکل کوٹکر سے 4 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا ۔حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ڈالے کی ٹکر سے کمسن بچہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ اس کے والدین شدید زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی لاش اور اس کے زخمی ہونے والے والدین کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر مزید تفتیش شروع کردی۔ دوسری جانب سرگودھا میں تیز رفتار بس الٹنے سے 2 مسافر جاں بحق ہوگئے۔حادثہ فیصل آباد روڈ پر تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، حادثے میں 14 مسافر زخمی بھی ہوئے، مسافر بس فیصل آباد سے بنوں جارہی تھی،مٹھہ معصوم کے پاس حادثے کا شکار ہوگئی۔اطلاع پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے مسافروں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی