i پاکستان

عمران خان کا معاملہ ملٹری کورٹس جائے تو یہ میرے لیے سرپرائز نہیں ہوگا ، فیصل واوڈاتازترین

December 06, 2024

سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بھرپور پھنسانے اور سیاسی قبر کھودنے کیلیے جو پلان تھا وہ واضح ہوگیا،اگر سابق وزیر اعظم کا معاملہ ملٹری کورٹس جائے تو یہ میرے لیے سرپرائز نہیں ہوگا ۔ ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان کا ٹوئٹر ہینڈل کوئی اور چلا رہا ہے اور وہ غلط ٹوئٹس کر رہا ہے، منظم طریقے سے عمران خان کو پاگل قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، ان کی اہلیہ بشری بی بی نے غلط کارڈ کھیلا اور پھنسانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا صوبائیت اور لسانیت کا کھیل کھیلنے کی کوشش کی گئی اس میں بھی ناکام رہے، بشری بی بی نے لسانیت کی آگ بھڑکائی اور مسلم لیگ ن نے بھی اس کو ہوا دی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے علی امین گنڈاپور اور بشری بی بی ملنے تک نہیں آئے، اگر سابق وزیر اعظم کا معاملہ ملٹری کورٹس جائے تو یہ میرے لیے سرپرائز نہیں ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر واضح کہتے ہیں پاک فوج پاکستان اور عوام کے ساتھ ہے، فوج کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں، فارمیشن کمانڈرز اجلاس کے ذریعے واضح پیغام دے دیا گیا ہے۔سینیٹر فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ جب نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ ہو سکتا ہے تو قاسم سوری اور حماد اظہر جیسے لوگوں کا کیوں نہیں ہوتا؟ مسلم لیگ ن کو خطرہ اپنے بوجھ اور خود سے ہے کسی اور سے نہیں، مہنگائی کی شرح نیچے آگئی لیکن ن لیگ اس کا کریڈٹ نہیں لے سکتی۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں بہت سی چیزیں کلیئر ہوئیں، خیبر پختونخوا میں ان کا مینڈیٹ چرانے کے معاملے پر پہلے میں آواز اٹھائوں گا، مولانا فضل الرحمان کے پاس کسی مطلب یا مفاد کیلیے نہیں گیا، وہ کوئی کام مجھے کہیں گے تو وہ بھی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا موقف اصولی ہوگیا جب سینیٹ اور اسمبلی سے پاس ہوگیا، مدارس سے متعلق بل اسمبلیوں نے پاس کر دیا تو دو رائے ہی نہیں رہی۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی