i پاکستان

آئی سی ایل اے پی اے کے زیر اہتمام ایم آفتاب(مرحوم) کے لئے دعائیہ تقریبتازترین

June 18, 2023

کٹے ہونٹ اور تالو کے مریض بچوں کے علاج کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم اسلام آباد کلیفٹ لپ اینڈ پیلیٹ ایسوسی ایشن (آئی سی ایل اے پی اے ) کے زیر اہتما م  تنظیم کے سابق صدر اور قومی خبر رساں ادارہ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی )کے سابق ڈائریکٹر جنرل ایم آفتاب(مرحوم ) کی  خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ایسوسی ایشن کی جانب سے مرحوم ایم آفتاب کے لئے ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جس میں متعدد ڈاکٹرز، سرجنز، عطیہ دہندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکا نے تنظیم کے مرحوم صدر اورسینئر صحافی ایم آفتاب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایسے ہزاروں بچوں کی زندگیوں کو تبدیل کرنے میں مرحوم کی کوششوں کی تعریف کی۔ کٹے ہونٹ اور تالو کے مریض بچوں کے علاج معالجہ کے لئے اسلام آباد کلیفٹ لپ اینڈ پیلیٹ ایسوسی ایشن کا قیام2000 میں ایم آفتاب اور ڈاکٹر اختر رحمن نے عمل میں لایا تاکہ ایسے بچے جو کٹے ہوئے ہونٹوں اور تالو کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور ان بچوں کی تکالیف کو دور کرکے انہیں معاشرے کا فعال شہری بنایا جا سکے اور وہ عام بچوں کی طرح صحت مند زندگی گزار سکیں۔ اگرچہ دونوں بانی اراکین کا انتقال ہو چکا ہے، لیکن رضاکاروں کی ایک ولولہ انگیز ٹیم جن میں ڈاکٹر اظہر شیخ، ڈاکٹر عائشہ اسلم، ڈاکٹر زاہدہ احمد، ڈاکٹر مائدہ حنیف، میڈم فرحت رحمان شامل ہیں، کٹے ہوئے ہونٹوں اور تالو کے مرض بچوں کی خدمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تقریب کے دوران تنظیم کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی سینئر رکن میڈم فرحت نے ایسوسی ایشن میں ایم آفتاب(مرحوم )کے اہم کردار کے بارے میں گفتگوکی اور تنظیم کو وسیع نیٹ ورک بنانے میں مرحوم کے کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس نیک مقصد کے لیے انہوں نے وقت، وسائل اور مہارت کو وقف کر رکھا تھا۔
 
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن جو اصل میں2000 میں پاکستان کلیفٹ لپ اینڈ پیلیٹ ایسوسی ایشن (پی سی ایل اے پی اے )کے نام سے قائم ہوئی تھی، 2014 میں آئی سی ایل اے پی اے میں تبدیل ہو گئی۔ تقریب کے بعد جاپان نے پیدائشی نقائص والے بچوں کے لیے اس تنظیم کی وقف خدمت میں مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا۔ میرے شوہر ڈاکٹر اختر رحمان کے انتقال کے بعد ایم آفتاب ہی تھے جنہوں نے مجھے اور ٹیم کو ثابت قدم رہنے کی ترغیب دی۔ ہماری تنظیم اور تنظیم نے اب تک جن بچوں کا علاج کیا وہ انہیں کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ایم آفتاب کی بیٹی ملیحہ آفتاب  اور پوتی ماریہ عاصم  نے بھی شرکا سے خطاب کیا اور مرحوم ایم آفتاب کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر عائشہ اسلم نے بتایا کہ اس وقت فوجی فائونڈیشن ہسپتال میں کٹے ہونٹ کے بچوں کے آپریشن مفت کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال ہم نے تقریبا 50 بچوں کا علاج کیا۔ ڈاکٹر اظہر شیخ نے چینی ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تنظیم کے مشن کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وہ پاکستان کے متعدد دورے کر چکے ہیں، سینکڑوں بچوں کا علاج کر چکے ہیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ وبائی مرض کے بعد بھی چینی ڈاکٹروں نے حال ہی میں اپنی مرضی سے رابطہ کیا اور بچوں کا علاج جاری رکھنے کے لیے پاکستان واپس آنے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر مرحوم ایم آفتاب کی بلندی درجات اور ایصال ثواب کے لئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
 
 
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی