اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران 5 کارروائیوں میں 5 ملزمان گرفتار کر لیے ۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 18 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 10.305 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں ۔کورنگی کراچی میں ہسپتال کے قریب ملزم کے قبضے سے 1.605 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔ ترجمان نے بتایاکہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔دیگر کارروائیوں میں اسلام آباد کے سیکٹر جی9 میں مسجد کے قریب ملزم کے قبضے سے 3.6 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔ سونا خان چوک کوئٹہ کے قریب ملزم سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی ۔جھنگ روڈ فیصل آباد میں بھوآنہ چوک کے قریب ملزم سے 1 کلو گرام آئس برآمد کی گئی ۔اسلام آباد میں بحریہ ٹان کے قریب 6 عدد بیگوں میں چھپائی گئی 500 گرام ہیروئن برآمدکر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی