اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف ) نے ملک گیر مختلف کارروائیوں میں 22 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے پیٹ سے 40 ہیروئن بھرے کیپسولز جبکہ جدہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 64 آئس بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔بلوچستان میں پشین کے دو مختلف علاقوں سے 1208 کلو گرام چرس برآمد ہوئی۔ ایم ون انٹرچینج اسلام آباد کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 8.4 کلو چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ کراچی میں مین کورنگی روڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار کے قبضے سے 250 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔سیالکوٹ ڈسکہ چوک کے قریب ملزم کے بیگ میں چھپائی گئی 3 کلو ہیروئن، 2 کلو آئس اور 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ سرگودھا موڑ میانوالی کے قریب دو ملزمان کے قبضے سے 4.8 کلو چرس اور کامونکی ٹول پلازہ گوجرانوالہ کے قریب ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2.5 کلو ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتارکیا گیا۔برہان ٹول پلازہ اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 700 گرام چرس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی