i پاکستان

اے این ایف کی ملک گیر 10 کارروائیوں میں11ملزمان گرفتار، 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمدتازترین

January 01, 2025

اے این ایف کی ملک گیر 10 مختلف کارروائیوں میں11ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ 58 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق ملک بھر میں انسداد منشیات اسمگلنگ کریک ڈائون جاری ہے ۔حکام نے راولپنڈی میں کوریئر آفس میں برطانیہ سے بھیجے گئے پارسل سے 24 گرام ویڈ برآمد کرلی۔ دوسری جانب ایم ون موٹر وے اسلام آباد کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 12 کلو چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔علاوہ ازیں اسلام آباد میں ایم ون موٹر وے کے قریب ایک اور کارروائی میں ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ ادھر گوادر میں جیوانی کے غیر آباد علاقے میں چھپائی گئی 10 کلو چرس برآمد کی گئی۔ اسی طرح مہریہ ٹان اٹک کے قریب ملزم کے قبضے سے 6 کلو چرس برآمد ہوئی۔اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ اٹک کے قریب 3 کارروائیوں میں 3 ملزمان کے قبضے سے 120 عدد نشہ آور گولیاں، 290 افیون اور 136 گرام چرس برآمد ہوئی۔ راولپنڈی میں سیٹلائٹ ٹان کے قریب ملزم سے 1.2 کلو چرس برآمد کی گئی جب کہ سہراب گوٹھ الآصف سکوائر کراچی میں ٹرالی بیگ سے 2 کلو ہیروئن برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔تمام کارروائیوں میں گرفتار کیے گئے ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی