اینٹی نارکوٹکس فورس کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری جب کہ 5 مختلف آپریشنز میں 58 کلو منشیات برآمد کرکے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق ایم ون موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد پر ایک بڑی کارروائی کے دوران گاڑی میں چھپائی گئی 32 کلو 400 گرام چرس اور 3 کلو 600 گرام افیون برآمد کرکے نوشہرہ کا رہائشی ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ پر 2 مختلف کارروائیوں میں پرواز نمبر PK-209 سے شارجہ جانے والے ہری پور اور چکوال کے رہائشی 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان کے پیٹ میں موجود 198عدد ہیروئن اور آئس بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔ ایک اور کارروائی میں دستگیر بلاک 9 کے علاقے میں کراچی کے رہائشی ملزم کے قبضے سے 18 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ علاوہ ازیں جی ٹی روڈ پشاور کے قریب مقامی رہائشی ملزم سے یو پی ایس میں چھپائی گئی 3کلو آئس برآمد کرلی گئی، جو پنجاب اسمگل کی جا رہی ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی