اے این ایف نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران 9 کارروائیوں میں 10 ملزمان گرفتار کر لئے ۔اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں میں 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 11.148 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں ۔گجرات میں یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 1.200 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔کے کے ایچ روڈ پشاور کے قریب ملزم سے 550 گرام چرس برآمدکی گئی ۔اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد کی گئی ۔سواں پل راولپنڈی یونیورسٹی کے قریب دو ملزمان سے 225 نشہ آور گولیاں برآمدکی گئیں ۔گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ۔ پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 618 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔پشاور ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں دوحہ جانے والے مسافر کے پیٹ سے 59 آئس بھرے کیپسولز برآمد کئے گئے ۔سیالکوٹ میں کوریئر آفس سے نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے پائپس میں چھپائی گئی 570 گرام آئس برآمد کی گئی ۔لاہور میں کوریئر آفس کے ذریعے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 2 لیڈیز کپڑوں کے باکس میں چھپائی گئی 376 گرام ہیروئن برآمد کی گئی ۔شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب دو ملزمان سے 7.200 کلو چرس برآمد کی گئی ۔ترجمان اے این ایف نے بتایاکہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی