i پاکستان

24نومبر کو احتجاج کی کال، پنجاب میں پی ٹی آئی رہنمائوں، کارکنوں کی گرفتاری کیلئے فہرستوں کی تیاری کا حکم، پولیس کو خصوصی ٹاسک دیدیا گیاتازترین

November 19, 2024

24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال کے پیش نظر پنجاب میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں، کارکنوں کی گرفتاری کیلئے فہرستوں کی تیاری کا حکم دیدیا گیا ۔سرکاری ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹ کے مطابق 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے قبل راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکول کے تھانوں میں پولیس کو فہرستوں کی تیاری کا حکم دیا گیا ہے، مرکزی قیادت، مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کو خصوصی ٹاسک دیدیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی، اسلام آبادسمیت کے پی کے راستے سیل کرنے کا بھی ٹاسک دے دیا گیا ہے، پولیس کو مرکزی رہنمائوں، کارکنوں کے گھروں اور دفاتر کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی ہے۔ مرکزی شاہراہیں سیل کرنے کیلیے کنٹینرز کی بھی پکڑ دھکڑ کی ہدایت کی گئی ہے، بسوں، کوسٹرز کی بکنگ سے متعلق بھی پولیس سے اجازت لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 24 نومبر سے قبل راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں دفعہ 144 کے نفاذ پر بھی غور کیا جارہا ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہوٹلز اور مسافرخانوں کی نگرانی پلان میں شامل ہے۔احتجاج اور ریلیاں روکنے کیلئے دیگر اضلاع سے بھی اضافی نفری راولپنڈی اور اٹک میں تعینات کی جائیگی، جلا ئوگھیرئوا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی