i پاکستان

توشہ خانہ کیس،عمران خان کے وارنٹ جاری ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاریتازترین

March 01, 2023

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے وارنٹ گرفتاری کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں متعدد بارعدالتی پیشی پر غیرحاضر رہے، وہ آخری سماعت کے عدالتی اوقات کے اندرپیش نہیں ہوئے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی درخواست کے مطابق وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے باعث کچہری نہیں آسکتے، صاف ظاہر ہورہا ہے کہ عمران خان عدالتی پیشیوں کواپنی ترجیحات کے مطابق رکھ رہے ہیں اور توشہ خانہ کیس ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران خان ضلع کچہری سے چند منٹوں کی دوری پر تھے، ان کی درخواست قابل قبول نہیں اس لیے مسترد کی جاتی ہے اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔ عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو 7 مارچ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی