i پاکستان

سی سی پی او لاہور کا پی ٹی آئی کارکنان کی لسٹوں سے لاعلمی کا اظہارتازترین

March 22, 2023

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے لاہو ہائیکورٹ کے سامنے پی ٹی آئی کے کارکنان کی گرفتاری کیلئے جاری لسٹوں سے اظہار لاتعلقی کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کو ہراساں کرنے اور گھروں پر چھاپے مارنے کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس راحیل کامران نے کی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت میں سی سی پی او بلال صدیقی کمیانہ نے پی ٹی آئی کارکنوں کی جاری کی گئی لسٹوں سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کوئی لسٹ تیار کی نہ ہی جاری کی ہے، پی ٹی آئی کارکنان نے ہماری دو رائفلز چھینی ہیں، ہماری گاڑی کو نہر میں پھینکا گیا، بہت سے نامعلوم افراد نامزد ہیں، جیسے جیسے شناخت ہو رہی ہے کارروائی کر رہے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شہریوں کو گرفتار کرنے سے پہلے قانونی طریقہ اختیار کیا جاتا ہے یا نہیں، پی ٹی آئی کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ڈائریکشن دے دے کہ پولیس درخواست گزار کو ہراساں نہیں کرے گی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ اسی نوعیت کی درخواست جسٹس طارق سلیم شیخ کے پاس زیر سماعت ہے، جس پر فاضل جج نے درخواست جسٹس طارق سلیم شیخ کے پاس لگانے کیلئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی