i پاکستان

شہباز گل کی بریت کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہ جاریتازترین

February 13, 2023

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے شہبازگل کی بریت کی درخواست مسترد ہونے کا فیصلہ جاری کر دیا،ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے 3 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وکیل ملزم کے مطابق شہباز گل کے خلاف کیس یو ایس بی کی بنیاد پر بنایا گیا، وکیل ملزم کے مطابق یو ایس بی کی کبھی فرانزک نہیں کروائی گئی، یو ایس بی سیل شدہ نہیں تھی جس پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔ وکیل ملزم کے مطابق شہباز گل کے خلاف ثبوت نہیں، سیاسی انتقام کیلئے کیس بنایا گیا، شہباز گل کے خلاف ثبوت فرد جرم عائد کرنے کیلئے ناکافی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ شہباز گل کے خلاف وفاقی حکومت سے دی گئی کیس کی اجازت ریکارڈ پر موجود ہے، ابھی تک شہباز گل پر فرد جرم عائد نہیں کیا گیا، شہباز گل کے خلاف ابھی ثبوت اور گواہان کا بیان قلمبند نہیں ہوا، شہباز گل کے پاس ثبوتوں اور گواہان کے بیانات پر سوال اٹھانے کا مکمل اختیار ہو گا۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز گل کا مقدمے سے تعلق جوڑنے کیلئے ریکارڈ پر اطمینان بخش ثبوت موجود ہیں، شہباز گل دوران سماعت اپنے دیئے گئے بیان سے کبھی انکاری نہیں ہوئے، فی الحال کیس اس سٹیج پر نہیں جہاں یو ایس بی کے اصلی یا نقلی ہونے پر رائے قائم کی جائے، شہباز گل کی جانب سے بریت کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی