پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 5 فروری کو کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے اس موقع پر مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب منعقد ہوں گی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائیگی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی ،مساجد میں خصوصی دعائیں کی جائیں گی ۔وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے ،بینک اور بیشتر کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بینک دولت پاکستان حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق جمعرات 5 فروری 2026 کویوم کشمیر کے موقع پر بند رہے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے ساتھ ساتھ بینکاری امور بھی تعطیل کے باعث معطل رہیں گے اور معمول کی سرگرمیاں اگلے ورکنگ ڈے سے دوبارہ شروع ہوں گی۔ آج صبح 10 بجے پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ اس خاموشی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔
اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی جبکہ مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال پاکستان میں قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس دن عوام، سیاسی و مذہبی جماعتیں، سول سوسائٹی اور طلبہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ یومِ کشمیر کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔ سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا اور میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جن میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔وفاقی حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر امن و نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی یکجہتی کا اظہار کریں اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سال قبل بھی یوم یکجہتی کشمیر پر مظفرآباد میں کشمیر پر اپنا عزم مصمم دہرایا تھا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا تھا کہ پاکستان اس کی عددی برتری کے دبا میں نہیں آئے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر مزید 10 جنگیں لڑنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی افواج کی بھارتی جارحیت کے جواب میں شاندار فتح کو دنیا بھرنے بھی تسلیم کیا۔آزادکشمیر کے شہریوں نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کی گزشتہ سال یوم یکجہتی کشمیر پر مظفرآباد آمد سے دونوں اطراف کے کشمیریوں کا حوصلہ بڑھا۔شہری کا کہنا تھا کہ ہمیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت پر فخر ہے، فیلڈ مارشل نے گزشتہ سال مسئلہ کشمیر پر جس عزم کا اظہار کیا، مئی 2025 میں اسے پورا کر دکھایا، ہماری مسلح افواج کی شاندار کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔مسئلہ کشمیر پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا واضح موقف مظلوم کشمیریوں کے حوصلوں کو جلا بخش رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی