راولپنڈی میں رحمان آباد اسٹیشن کے قریب میڑو بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے سے میٹرو بس جل کر خاکستر ہوگئی، میٹرو اسٹیشن کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ ترجمان ریسکیو اہلکاروں کے مطابق 7 فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا، بس میں آگ لگنے کے باعث مسافر بمشکل اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوسکے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حکام کی جانب سے ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ آگ ڈیزل لیک ہونیکی وجہ سے لگی۔ دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ میٹرو بس میں وارث خان اسٹاپ سے ڈیزل لیک ہونا شروع ہوا، ڈیزل لیک ہونے پر مسافروں نے ڈرائیور کو آگاہ بھی کیا تاہم کوئی توجہ نہ دی گئی۔ واقعے کے فوری بعد جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بس سروس معطل کردی گئی ہے۔ میٹرو بس سروس کی انتظامیہ نے میڈیا کو بھی کوریج سے روک دیا ہے جبکہ بس کو کرین کے ذریعے میٹرو ڈپو منتقل کیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی