یونیورسٹی آف لکی مروت کی زیر تعمیر بلڈنگ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا اور دہشت گرد رات کی تاریکی سے فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔تفصیل کے مطابق لکی مروت میں یونیورسٹی کی زیر تعمیر عمارت پر دہشتگردوں کا حملہ سیکیورٹی گارڈ کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی سے ناکام بنا دیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اطلاع ملتے ہی کمانڈر 55 بریگیڈ بریگیڈیئر حیدر علی، ڈی پی او نذیر خان اور ڈپٹی کمشنر حمیداللہ خان پولیس اور پاک فوج کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ڈرون کیمروں کی مدد سے یونیورسٹی کے اطراف مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔حکام نے یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کر کے سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ بہادری کا مظاہرہ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اسے نقد انعام بھی دیا گیا۔اس موقع پر بریگیڈیئر حیدر علی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت ضلع بھر میں حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید مثر بنائی جا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی