i پاکستان

پولنگ اسٹیشنز پر انتخاب والے دن رینجرز کا تقرر کیا جائے، حافظ نعیم کا مطالبہتازترین

October 12, 2022

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخاب والے دن آرمی اور رینجرز کا تقرر کیا جائے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کل حتمی طور پر فیصلہ کیا ، بلدیاتی انتخابات 23 اکتوبر کو ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر انتخاب والے دن آرمی اور رینجرز کا تقرر کیا جائے، شہریوں کو اعتماد حاصل ہو کہ پولنگ اسٹیشنز رینجرز اور فوج ہوگی۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے ایڈمنسٹرئٹر کو برطرف کیا جائے تاکہ ایسا لگے کہ انتخابات شفاف ہوں، ایڈمنسٹریٹر جو سیاسی جماعت کا ہو سینیٹر رہا ہو اسے برطرف کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ جمہوریت کے خلاف سازشیں بند کردیں اور قبول کرلیں کہ آپ نے بلدیاتی انتخابات کروانے ہیں کیونکہ اب پیپلز پارٹی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے انتخابات کو دو حصوں میں کروانے کی سازش کی تو زبردست مزاحمت ہوگی، دیگر شہروں سے نفری منگائیں اور ہر صورت انتخابات کرائیں ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ سعید غنی نے کا کہنا ھے کہ کراچی کے لوگ خود اپنے مسائل پیدا کرتے ہیں، سعید غنی یہ بتائیں آپ نے 14 سال میں کراچی کو کیا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں جعلی بھرتیاں کی ہیں، جس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم بڑھتے جا رہے ہیں، آپ خود کچھ کرتے نہیں اور کراچی کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ اب اندرون سندھ بھی آپ سے الگ ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی