i پاکستان

پنجاب حکومت کا دل کے مریضوں کیلئے 'ڈرپ اینڈ شفٹ' منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہتازترین

April 04, 2023

پنجاب حکومت نے دل کے مریضوں کیلئیڈرپ اینڈ شفٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہارٹ اٹیک پر مریض کو ضروری انجکشن لگا کر ایمبولینس کے ذریعے تحصیل اورڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھیجا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پرائمری انجیو گرافی کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دل کے مریضوں کیلئے "ڈرپ اینڈ شفٹ" منصوبہ شروع کیا جائے گا، "ڈرپ اینڈ شفٹ" ابتدائی طورپر پنجاب کے 4 اضلاع شیخوپورہ، قصور، چنیوٹ اور جھنگ میں شروع کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں پرائمری انجیو گرافی کی سہولت نہ ہونے پر مریض کو قریبی بڑے ہسپتال میں شفٹ کردیا جائے گا، ریسکیو 1122 کی خصوصی ایمبولینس دل کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کرے گی، ریسکیو1122کی سپیشل ایمبولینس میں ٹرینڈ سٹاف اورضروری طبی آلات موجود ہوں گے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے 9 بڑے ہسپتالوں میں اڑھائی ہزار سے زائد مریضوں کو پرائمری انجیو گرافی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، پرائمری انجیو گرافی کی سہولت کی وجہ سے دل کے مرض میں مبتلا سینکڑوں مریضوں کی جان بچانا ممکن ہوا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی ریسکیو 1122 ڈاکٹر رضوان نصیر اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی