i پاکستان

پیمرا کی غیر قانونی انڈین چینلزاور مواد نشر کرنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف کارروائیتازترین

April 20, 2023

چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی ہدایات پرپیمراریجنل دفاتر کراچی، حیدرآباد، سکھراور ملتان کے فیلڈ سٹاف نے غیر قانونی انڈین چینلز چلانے والے کیبل آپریٹرزکے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی چینلز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کر لیا ،سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات اور پیمرا کے ماضی میں جاری کردہ نوٹسزکی روشنی میں کیبل آپریٹرز کے دفاترکی انسپیکشن کے دوران پیمرا ریجنل آفس کراچی نے میسرز ڈیلٹا ڈیجیٹل نیٹ ورک، میسرز ہوم میڈیا کمیونیکیشن (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور میسرز سکائی کیبل ویژن ، پیمرا ریجنل آفس ملتان نے میسرز سٹی ڈیجیٹل کیبل نیٹ ورک، میسرز اسٹیٹ کیبل نیٹ ورک، میسرز نصیب اینڈ جمیل کیبل نیٹ ورک، میسرز ورلڈ برائٹ کیبل نیٹ ورک ، میسرز اسٹار انفارمیشن کمپنی اور میسرز گلوبل سگنلز کیبل نیٹ ورک اور پیمرا ریجنل آفس سکھر نے سکھر اور لاڑکانہ کے اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے میسرز میڈیا پلس نیٹ ورک لاڑکانہ اور میسرز یونیورسل کیبل ٹی وی نیٹ ورک لاڑکانہ کو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے جانے والے کیبل آپریٹروں کے غیر قانونی چینلز کی ترسیل میں استعمال ہونے والے آلات کو ضبط کر لیا۔ مزید برآں قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مذکورہ کیبل آپریٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹسزبھی جاری کیے گئے جن پر پیمرا قوانین کے تحت سزا کا تعین کیا جائے گا،مزید برآں ، پیمرا ریجنل آفس حیدرآباد نے سانگھڑ، ٹھٹھہ ، سجاول اور حیدرآباد کے اضلاع میں 23کیبل نیٹ ورکس کا دورہ کیا جس میں آٹھ کیبل نیٹ ورکس کو پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے 24سیٹلائٹ رسیورزاور ایک ٹرانسمیٹر ضبط کرتے ہوئے کیبل آپریٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹسزجاری کئے،یہاں یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پیمرا غیر قانونی /انڈین چینلز کی تقسیم کار، غیر مہذ ب مواد کی تقسیم کے حوالہ سے کوئی بھی رعایت نہیں برتے گی ۔تمام کیبل آپریٹرز کو ایک بار پھر متنبہ کیا جاتا ہے کہ و ہ غیر قانونی انڈین مواد اور انڈین چینلز کی نشریات بند کر دیں بصورت دیگر ان کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی