i پاکستان

پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں،جائز معاملات پر بات آگے بڑھ سکتی ہے،وزیراعظم کی مشروط پیشکشتازترین

December 23, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بارپھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے ہمیشہ تیار ہیں اور جائز معاملات پر بات آگے بڑھ سکتی ہے، تاہم مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ کسی صورت قبول نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ملکی اہم سیاسی اور اقتصادی امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ میں اسمبلی میں بارہا کہہ چکا ہوں کہ پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکراتکیلئے تیار ہے تو حکومت بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے، غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ بات نہیں ہو سکتی۔ جو جائز معاملات ہیں، صرف ان کی روشنی میں ڈائیلاگ آگے بڑھ سکتا ہے۔ پی ٹی آئی کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دی گئی تھی اور اب بھی تیار ہیں تاکہ ملکی خوشحالی کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی قائم کی جا سکے۔وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری پر بھی بات کی اور کہا کہ یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نجکاری ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ سربمہر لفافوں میں بولیاں آئیں اور بولی کا عمل براہ راست دکھایا جارہا ہے، کامیاب طریقے سے بولی ہوگی تو معاملات بہتر ہوں گے، نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر خزانہ نے بہترین کاوشیں کیں، سارے مرحلے کو شفاف بنانا انتہائی ضروری تھا۔ سارے پراسیس کا دوبارہ کابینہ کے پاس آنا بہت ضروری ہے ، بولی کا عمل شفاف بنانے کی ضرورت تھی تاکہ یہ کامیاب ہو۔اجلاس میں وزیراعظم نے فیلڈمارشل کو سعودی عرب میں دئیے گئے کنگ عبدالعزیز ایوارڈ کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ صرف فیلڈ مارشل کا ایوارڈ نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔شہباز شریف نے اجلاس میں پی ٹی آئی کی طرف سے مذاکرات کی بات کرنے پر کہا کہ انہیں اسمبلی میں بھی مذاکرات کی دعوت دی گئی ہے اور وہ ملکی خوشحالی کیلئے ہر سیاسی جماعت کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، لیکن کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔شہباز شریف نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی