گوشت برآمد کنندگان نے لاجسٹک کمپنی جیریز ڈی نیٹا کی جانب سے گوشت کی برآمدات پر 50 روپے فی کلوگرام اضافی ایڈہاک چارج عائد کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔آل پاکستان میٹ ایکسپورٹرز اینڈ پروسیسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کے مطابق اس اقدام سے برآمدات کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوگا اور عالمی منڈیوں میں پاکستانی گوشت کی مسابقت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عبدالحنان نے وزارت تجارت سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ برآمد کنندگان پہلے ہی عالمی سطح پر سخت مقابلے کا سامنا کر رہے ہیں ۔
لاجسٹکس اخراجات میں اضافے سے مارکیٹ شیئر متاثر ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اضافی چارج تقریبا 180 ڈالر فی ٹن بنتا ہے، جس سے برآمدی لاگت بڑھ جائے گی جبکہ متعلقہ ہینڈلنگ اور سروس چارجز پہلے ہی ایئرلائنز ادا کرتی ہیں، اس لیے اس طرح کے اخراجات برآمد کنندگان پر منتقل نہیں کیے جانے چاہییں۔برآمد کنندگان نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر اضافی چارجز واپس کروائے جائیں تاکہ پاکستان کی گوشت برآمدات اور برآمدی مسابقت متاثر نہ ہو۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی