i پاکستان

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا آڈٹ کو ریکارڈ نہ دینے پر پی اے آر سی پر شدید برہمی کااظہارتازترین

April 27, 2023

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے آڈٹ کو ریکارڈ نہ دینے پر پی اے آر سی پر شدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ آپ کمیٹی کو سنجیدہ ہی نہیں لیتے تو ہمارے یہاں بیٹھنے کا کیا فائدہ، پھر میں پارلیمنٹ کو لکھ کر کہہ دوں گا کہ پی اے آر سی کو ختم کریں،وفاقی سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے 30دن میں ریکارڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ۔ جمعرات کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر برجیس طاہر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی سے متعلق سال 2017-18 اور 2018-19 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیاگیا۔نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ ڈویژن کے ترقیاتی اخراجات کی گرانٹس سے رقم لیپس ہونے کے معاملے پر اے جی پی آر حکام نے کہاکہ 528 ملین روپے لیپس ہوئے،معاملے کی انکوائری کا کہا گیا تھا، آڈٹ حکام نے کہاکہ ایک سپلیمنٹری گرانٹ اس مالی سال میں یہ پارلیمنٹ میں نہیں لے گئے، آج بھی 16 ملین خلاف ضابطہ ہیں، جتنے بھی اس طرح کے مسائل ہیں وہ پارلیمنٹ کے سامنے لے جائے جائیں۔کنوینر کمیٹی برجیس طاہر نے کہاکہ آئندہ اس قسم کی بے ضابطگی نہیں ہونی چاہئے،انکوائری رپورٹ ہمیں آج ملی ہے،میں نے تو ابھی پڑھی بھی نہیں ہے۔کمیٹی میں پی اے آر سی کی جانب سے ایگریکلچرل لنکجز پروگرام سے متعلق ریکارڈ نہ دینے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔آڈٹ حکام نے بتایاکہ 370ملین کا ریکارڈ کیوں نہیں دے رہے،370 ملین کا ریکارڈ ہمیں چاہئے،وہ کون تھے جنہوں نے آڈٹ کو ریکارڈ نہیں دیا۔کمیٹی نے ریکارڈ نہ دینے کے معاملے پر پی اے آر سی پر برہمی کا اظہار کیا۔برجیس طاہر نے کہاکہ آپ کمیٹی کو سنجیدہ ہی نہیں لیتے تو ہمارے یہاں بیٹھنے کا کیا فائدہ، پھر میں پارلیمنٹ کو لکھ کر کہہ دوں گا کہ پی اے سی کو ختم کریں،ابھی ریکارڈ کے لئے سب بڑی جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ ذمہ داری کا تعین کیا جاسکے، وفاقی سیکرٹری فوڈسیکیورٹی نے کہاکہ 30دن کا وقت دے دیں،جس پرکمیٹی نے ریکارڈ کی فراہمی کے لئے 30 دن کا وقت دے دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی