i پاکستان

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز سموں کے غیر قانونی اجرا پر پی ٹی اے کے کامیاب چھاپےتازترین

February 17, 2023

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کی جانب سے سم کارڈز کے غیر قانونی اجرا کے خلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے متعدد مقامات پر کامیاب چھاپے مارے گئے۔مینگورہ سوات میں پی ٹی اے زونل آفس پشاور نے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل پشاور کے تعاون سے غیر قانونی طور پر سم کارڈ کا اجرا کرنے والی موبائل کمپنی کی فرنچائز پر کامیاب چھاپہ مارا۔ ملزمان سم کے اجرا کے لیے سبسکرائبرز کی بائیو میٹرک معلومات(انگلی/ انگوٹھے کے نشانات)بی آئی ایس پی کی رقم کی تقسیم کی آڑ میں لیتے تھے۔ اسی طرح لاہور میں پی ٹی اے زونل آفس اور ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل گوجرانوالہ نے گوجرانوالہ، پسرور اور نارووال میں غیر قانونی طور پر سم کارڈ کے اجرا کے شبہ میں ایک موبائل کمپنی کی تین فرنچائزز پر چھاپے مارے۔چھاپوں کے دوران موبائل کمپنی کی طرف سے جاری کردہ بی وی ایس ڈیوائسز، بی آئی ایس پی کی رقم کی تقسیم کے لیے دی گئی بینک کی مشین اور فعال سم کارڈز قبضے میں لے لیے گئے۔اس دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کی جانب سے اس وقت کیسز کی مزید تفتیش جاری ہے۔ پی ٹی اے نے پہلے بھی ایف آئی اے کو سیل چینلز پر سموں کے مشکوک اجرا کے حوالے سے شکایات درج کرائی تھیں۔ دونوں مقامات پر چھاپے ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم(ایم بی وی ایس)کے ذریعے سموں کے غیر قانونی اجرا کی روک تھام کے حوالے سے پی ٹی اے کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی