وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جرمنی کے دارلحکومت برلن پہنچ گئے، بلاول بھٹو اپنی جرمن ہم منصب کی دعوت پر پہلی مرتبہ جرمنی کے سرکاری دورے پر پہنچنے ہیں۔ وزیر خارجہ جرمنی میں اپنے قیام کے دوران مختلف حکومتی شخصیات اور عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ جرمنی پہنچنے کے بعد بلاول بھٹو نے کہا پاک جرمن تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، پاکستان ان تعلقات کے دوام کا خواہاں ہے، سیلاب سے تباہی کے بعد جرمنی کی امداد پر بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کی حکومتوں اور افراد کیدرمیان روابط کا فروغ ہے، پاکستان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور جرمن منڈیوں تک برآمدات کی رسائی چاہتا ہے، دونوں ممالک ایک دوسرے سے اپنے تجربات کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ دو دہائیوں کے بعد یورپ میں کسی نئے پاکستانی قونصل خانے کا کھلنا دو طرفہ خوشگوار تعلقات کا عکاس ہے، میونخ میں قونصل خانہ عنقریب فعال ہو کر کمیونٹی کی خدمت شروع کر دے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی