پاک امریکہ تعلقات کی 74ویں سالگرہ پر امریکہ سے تعلیم حاصل کرنے والے ماہرین کو دونوں ملکوں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید بڑھانے کا عہد کرنا چاہیے۔ یہ بات لاہور میں امریکہ کے قونصل خانہ کے ڈپٹی پبلک آفیئرز آفیسر کارل آر روجرز نے شمالی پنجاب کے پاکستان یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک (PUAN)کے چیپٹر کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبائے قدیم کی تعداد 37000سے بھی زائد ہے جن میں ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مرد اور خواتین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جہاں امریکہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں وہاں یہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات سے پاکستان کے بہت سے پیچیدہ مسائل حل ہوسکتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے پاک امریکی تعلقات بھی مضبوط تر ہونگے۔ انہوں نے اس تقریب کا اہتمام کرنے پر PUANکے سید خرم عباس گیلانی کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے بین المذاہب رواداری کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ PAUN اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ تقریب سے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ امریکہ پاکستان کا دیرینہ تجارتی پارٹنر ہے۔ مالی امداد کے علاوہ امریکہ مختلف قسم کے20پروگرام چلا رہا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر فل براسٹ سکالر شپس کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی امریکہ اور پاکستان میں منفرد قسم کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن سے سماجی، معاشی اور باہمی ہم آہنگی اور رواداری پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے مگر پاکستان اپنے علاقائی ملکوں سے بہت پیچھے ہے۔ ترقی کے اس عمل کو تیز کرنے کیلئے امریکہ سے تعلیم حاصل کرنے والے اور خاص طور پر شمالی پنجاب سے تعلق رکھنے والے طلبائے قدیم کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ تقریب سے پاکستان یوایس ایلومنائی نیٹ ورک کے نارتھ پنجاب چیپٹر کے نومنتخب صدر سید خرم عباس گیلانی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان عوامی تعلقات کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے بھی کوشاں ہیں تاکہ امن اور برداشت کے فروغ کے ساتھ ساتھ محروم طبقوں کیلئے تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں کا بھی اہتمام کیا جاسکے۔ آخر میں لاہور قونصل خانہ کے ڈپٹی پبلک آفیئرز آفیسر کارل آر روجرز نے ڈاکٹر خرم طارق کو خصوصی شیلڈ پیش کی اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ اس موقع پر ایک گروپ نے صوفی ازم کے موضوع پر انتہائی خوبصورت رقص بھی پیش کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی