i پاکستان

وزیراعظم کا جسٹس قاضی فائز کیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کاحکمتازترین

March 30, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے سینئر جسٹس قاضی فائز عیسی کیخلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کاحکم دے دیا۔ وزیراعظم نے وزیرقانون کوکیوریٹیو ریویو ریفرنس واپس لینے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کمزوراوربے بنیاد وجوہات پرکیوریٹیو ریویوریفرنس دائرہوا تھا،حکومت کا اس کی پیروی نہ کرنیکا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے۔ وزیراعظم نیوزیر قانون سینیٹراعظم نذیرتارڑکو جسٹس قاضی فائزعیسی کے خلاف کیوریٹیوریویوریفرنس واپس لینے کی ہدایت کردی ۔ریفرنس کے نام پرجسٹس قاضی فائزعیسی اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں اوربدنام کیاگیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کامزید کہنا تھا کہ یہ ریفرنس نہیں تھا، آئین اورقانون کی راہ پرچلنے والے ایک منصف مزاج جج کے خلاف ایک منتقم مزاج شخص عمران نیازی کی انتقامی کارروائی تھی،یہ عدلیہ کی آزادی پرشب خون اوراسے تقسیم کرنے کی مذموم سازش تھی۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان مسلم لیگ(ن)اور اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کے دور میں بھی اس جھوٹے ریفرنس کی مذمت کی تھی،عمران نیازی نے صدر کے آئینی منصب کا اس مجرمانہ فعل کے لئے ناجائز استعمال کیا۔ وزیر اعظم نے کہا صدرعارف علوی عدلیہ پرحملے کے جرم میں آلہ کاراورایک جھوٹ کے حصہ دار بنے،پاکستان بار کونسل سمیت وکلا تنظیموں نے بھی اس کی مخالفت کی تھی، ان کی رائے کی قدر کرتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی