i پاکستان

مولانا فضل الرحمن 10 مارچ کو فیصل آباد کا دورہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گےتازترین

March 09, 2023

جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن 10 مارچ کو فیصل آباد کا دورہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے جبکہ اس موقع پر جے یو آئی کے دیگر مرکزی، صوبائی و ڈویژنل قائدین بھی مذکورہ تاریخی ورکرز کنونشن میں شریک اور اظہار خیال کریں گے نیزجمعیت علمائے اسلام(ف) کی ضلعی مجلس عمومی نے آئندہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھی جے یوآئی(ف)کے پلیٹ فارم سے بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ساتھ ساتھ جے یوآئی اسلامی نظام معیشت کے نفاذ اور بے حیائی وفحاشی کے خلاف پرامن پارلیمانی جدوجہد جاری رکھے گی۔اس سلسلہ میں جمعیت علمائے اسلام کی ضلعی مجلس عمومی کااہم اجلاس سابق ٹکٹ ہولڈر حاجی محمد رفیق طاہر کی رہائش گاہ پر زیرصدارت ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ منعقد ہواجس سے ضلعی امیر کے علاوہ،صوبائی معاون سیکرٹری مفتی فضل الرحمن ناصر، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ محمد عرفان، ضلعی سیکرٹری اطلاعات محمد یوسف انصاری، میاں محمد طیب، شیخ عرفان الٰہی، اشفاق انصاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ضلعی امیر مخدوم زادہ سید زکریا شاہ نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ملک میں اسلامی نظام معیشت کے نفاذ کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اپنے قائد مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ملک سے بے حیائی اور فحاشی کے کلچر کے خاتمے اور عوامی مفاد کے کاموں کیلئے جدوجہد جای رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں جے یوآئی(ف)کے وزرا کی کارکردگی سب سے بہترین ہے اوروفاقی وزارت مواصلات، وزارت مذہبی امور، سیفران، ہاؤسنگ میں عوامی مفادات کے کام ترجیحی بنیادوں پر کرواکر دل جیت لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پنجاب کو بزدار اور پرویزالٰہی دور میں صوبہ تبادلات بنا دیا گیا تھا اورانہی کی وجہ سے اس وقت سڑکیں اور عمارتیں کھنڈر بن چکی ہیں لہٰذا اب پنجاب کے عوام جمعیت علمائے اسلام(ف)کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی آئندہ صوبائی انتخابات میں بھرپور حصہ لیکرہر صوبائی حلقہ سے اپنے امیدوارنامزد کرے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی