i پاکستان

موبائل چھیننے کی 300سے زائد وارداتوں میں ملوث 3ملزمان گرفتارتازترین

October 17, 2022

سندھ رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے موبائل فون چھینے کی 300سے زائد وارداتوں میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لانڈھی اور باغ کورنگی سے موبائل چھیننے کی وارداتوں میں ملوث 3ملزمان محمد عباس، ظفر انصاری اور عمران عالم کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور 15 سے زائد چھینے ہوئے موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی 300سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان چھینے ہوئے موبائل فون کو ان لاک اور آئی ایم ای آئی تبدیل کرکے کورنگی اور لانڈھی کے علاقے میں فروخت کرتے تھے۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو بمعہ موٹر سائیکل اور چھینے ہوئے موبائل فونز مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی