اے این ایف کی جانب سے ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں سعودی عرب، امارات اور برطانیہ منشیات اسمگل کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ابوظبی جانے والیملزم کے پیٹ سے 5 چرس بھرے کیپسولز برآمد کرکے بنوں کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی چاندنی چوک میں واقع نجی کوریئر آفس میں برمنگھم بھیجے جانے والے پارسل سے 1 کلو 200 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جو ٹریش بیگ میں چھپائی گئی تھی۔ دوسری جانب اے این ایف اور اے ایس ایف نے لاہور انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک مشترکہ کارروائی میں شارجہ جانے والے اوکاڑہ کے رہائشی 3 ملزمان کا گروہ گرفتار کرلیا۔
اس موقع پر تحقیقات کے بعد ایک ملزم نے پیٹ میں ہیروئن بھرے کیپسولز ہونے کا انکشاف کیا۔ ملزم سے 104 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کرلیے گئے۔ کراچی انٹرنیشنل ائرپورٹ سے سعودی عرب جانے والے ملزم سے 2 کلو 71 گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی، جسے ٹفن (ہاٹ پاٹ)کے اندر مہارت سے چھپایا گیا تھا۔ حکام نے چنیوٹ کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ دریں اثنا اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ کے قریب افغان باشندے سے 3 کلو 600 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ایک دوسری کارروائی میں اسلام آباد 26 نمبر چونگی کے قریب پشاورکے رہائشی ملزم سے 2 کلو 400 گرام چرس برآمد ہوئی جب کہ اے این ایف اور ایف سی کی نوشکی میں مشترکہ کارروائی کے دوران 416 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ ادھر دالبندین میں کارروائی کرتے ہوئے جھاڑیوں میں چھپائی گء 22 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ اے این ایف حکام نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی