ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے انکوائری کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے انکوائری کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے استفسار کیا کہ اس حوالے سے کیسز 19 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر ہیں، کیا یہ اسی طرح کا کیس ہے؟۔ وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ جی یہ وہی کیسز ہیں، پہلے بینکنگ سرکل اور اب سائبر کرائم یہ انکوائری کررہا ہے۔ نامنظور ڈاٹ کام سے فنڈنگ سے متعلق سائبر کرائم نے نئی انکوائری شروع کی ہے۔عدالت نے پہلے سے زیر سماعت ممنوعہ فنڈنگ کیسز کے ساتھ درخواست منسلک کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ پاکستان تحریک انصاف اور سینیٹر سیف اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔ درخواست میں پی ٹی آئی وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو کوئی ایکشن لینے سے روکا جائے، تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی کرے ۔ پی ٹی آئی کو ایف آئی اے انکوائری کے خلاف فوری حکم امتناع نہیں مل سکا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی