ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔پیر کو محکمہ موسمیات کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا سے ملحقہ علاقوں میں موسمیاتی نظام فعال ہے، جس کی وجہ سے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مظفر آباد، وادی نیلم، راولا کوٹ، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔اسی طرح گلگت، سکردو، گوپس، بونجی، چلاس، استور اور اردگرد کے علاقوں میں بارش کے علاوہ برفباری کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں مطلع ابر آلود رہا اور شام کے وقت ہلکی بارش ہوئی تاہم رات کو کھل کر بادل برسے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی طویل خشک سالی کے بعد بوندا باندی ہوئی۔شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، گڑھی شاہو، مغلپورہ، شاد باغ، ٹھوکر نیاز بیگ، ملتان روڈ، شاہ پور کانجراں اور چوہنگ کے اطراف میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔صوبائی دارالحکومت میں بوندا باندی کے باعث حدِ نگاہ میں کمی بھی دیکھنے میں آئی جبکہ سڑکیں پھسلن کا شکار ہو گئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 21 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح خیبر پخونخوا اور کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔
پشاور، چارسدہ، مردان، ہنگو اور دوسرے مقامات پر بارش کے بعد موسم کافی سرد ہو گیا جبکہ چترال، مہوڈنڈ، چترال اور مالم جبہ میں برف باری کے بعد پہاڑوں اور گلی کوچوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ ادھر زیریں وادی نیلم میں بارش ہوئی، بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ بلوچستان میں بھی طویل عرصے کے بعد بارش ہوئی اور درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔چمن، قلعہ عبداللہ، اور توبہ اچکزئی میں شدید آندھی بھی چلی جس سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ۔تھ بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کے کھمبے، دیواریں گر گئیں ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے چند روز تک بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے اور لوگوں کو محتاط رہنے اور غیرضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔
موٹروے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا، موٹروے ایم 3 لاہور سے درخانہ، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی جبکہ موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی مکمل بند کر دی گئی ہے، ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دن میں موسم گرم اور خشک جبکہ راتیں ٹھنڈی رہیں گی تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔ شمال مشرق سے03 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت27 سے 29 ڈگری سینٹی گریڈر ہنے کا امکان ہے ۔رپورٹ کے مطابق کراچی میں دسمبر کے آخری ہفتے میں خوشگوار موسم ہوگا، جنوری کے دو ہفتے سرد ہوں گے۔ اگلے دس دن شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی