لاہور میںنیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد 10تا 12مارچ ہوگا اور اس سلسلے میںچیف سیکرٹری پنجاب نے تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کر دی ہیں۔ ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،بلدیات،خزانہ، لائیو سٹاک، سپورٹس،صنعت، زراعت، اطلاعات کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، کمشنر ،سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو قومی یکجہتی اور اتحاد کا عکاس ہے، علاقائی ثقافت کے رنگوں سے مزین شو کا انعقاد 10تا 12 مارچ ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہارس اینڈ کیٹل شو کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو اور پی ایس ایل میچز کے دوران ٹریفک کا مسئلہ نہیں ہونا چاہئے، ترقیاتی کام شروع کرنے سے پہلے متبادل راستے کا انتظام کیا جائے۔سیکرٹری بلدیات نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو میں پاکستان کے تمام صوبوں کی ثقافت کے رنگ پیش کئے جائیں گے اورمختلف روائتی کھیلوں، فلوٹس کے علاوہ صنعتی نمائش کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی