لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ طلب کر لی۔ رہنما پی ٹی آئی شہباز گل نے اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ فل بنچ نے شہباز گل کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی، شہباز گل ایئر پورٹ پہنچے تو 5 مختلف تھانوں کی پولیس وہاں موجود تھی۔ ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ کسی خفیہ مقدمے میں گرفتاری کا خوف ہے، عدالت شہباز گل کو گھر سے ایئر پورٹ تک محفوظ راستہ فراہم کرنے کا حکم دے۔ بعدازاں عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے شہباز گل کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ(آج) جمعرات کو طلب کرلی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی